حکومت نے پٹرول 78 روپے سستا کرنے کی تردید کر دی
اسلام آباد (وائس آف ایشیا) حکومت نے پٹرول 78 روپے سستا کرنے کی تردید کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبروں سے متعلق تردیدی بیان جاری کیا ہے۔ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم قیمتوں پر کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا ، میڈیا سے جعلی خبروں کے پھیلاؤ سے گریز کی اپیل کی جاتی ہے، پٹرولیم قیمتوں سے متعلق خبروں کی تصدیق کے بغیر نشر نہ کیا جائے، عوام کو گمراہ کرنے والی خبروں سے اجتناب برتا جائے، حکومتی اعلامیے کے بغیر قیمتوں میں ردوبدل کی خبریں بے بنیاد قرار دے دی گئیں۔
دوسری جانب امریکہ ایران جنگ بندی کے بعد عالمی مارکیٹ میں قیمتیں گرنے کے باعث پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پیٹرول 55 روپے فی لیٹر تک سستا ہو سکتا ہے، اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 95 سے 100 روپے کمی متوقع ظاہر کی گئی ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی جانب سے کیا گیا۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان کی کامیابی سفارتکاری کے دنیا بھر میں مثبت اثرات سامنے آئے ہیں، امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں سیز فائر ہونے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 19 فیصد تک کمی دیکھنے میں آئی ہے، برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں 17 ڈالر 31 سینٹ فی بیرل کمی ہوگئی، برطانوی خام کی قیمت 112 ڈالر سے کم ہوکر 94 ڈالر 69 سینٹ پر آچکی ہے، امریکی خام تیل کی قیمت میں بھی 19 ڈالر 25 سینٹ کی کمی دیکھی گئی، ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی قیمت 115 ڈالر سے کم ہوکر 96 ڈالر 73 سینٹ ہوگئی۔
معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم پاکستان نے تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری عوام کو منتقل کرنے کا اعلان کیا، شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی الحمداللہ پاکستان کی تاریخی کامیابی ہے، پاکستان کیلئے آج بہت بڑا تاریخ ساز دن ہے، ہم اس پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا اثر عوام کو فوری منتقل کیا جائے گا، کابینہ اجلاس میں مزید اقدامات پر مشاورت ہوگی۔



تبصرہ کریں