قصور: پھول نگر کے قریب خوفناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 10 افراد زخمی
اولکھ موڑ، ہیڈ بلوکی روڈ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں شادی کی خوشیاں غم میں بدل گئیں۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے شادی کی تقریب سے واپس آنے والا ایک خاندان رات کے وقت سڑک کنارے کھڑے بغیر لائٹس والے خراب ٹرک سے ٹکرا گیا۔ ٹیوٹا ہائی ایس کی ٹکر کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار خواتین اور بچوں سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق Rescue 1122 نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ایمبولینسز کے ذریعے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو گاڑی سے نکالا اور ابتدائی طبی امداد کے بعد ٹراما سینٹر پھول نگر منتقل کیا۔
زخمیوں میں 12 سالہ نمرہ اور 17 سالہ فیضان شامل ہیں جن کی ٹانگوں پر شدید فریکچر آئے، جبکہ 38 سالہ صدام کے سر پر چوٹیں آئیں۔ دیگر زخمیوں کو معمولی زخم اور خراشیں آئی ہیں۔
ریسکیو اور طبی عملہ زخمیوں کو فوری علاج فراہم کر رہا ہے جبکہ حادثے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔