جنگ بندی پر شکریہ، وزیراعظم نے فریقین کو بات چیت کیلئے اسلام آباد آنے کی دعوت دیدی
اسلام آباد وائس ااف ایشیا) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے جنگ بندی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امریکہ اور ایران کے وفود کو 10 اپریل کو اسلام آباد آنے کی دعوت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ میں فریقین کی جانب سے جنگ بندی پر اتفاق کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے انتہائی عاجزی کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ لبنان اور دیگر جگہوں پر فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔
شہباز شریف کہتے ہیں کہ فریقین نے قابل ذکر حکمت اور سمجھداری کا مظاہرہ کیا اور امن و استحکام کے مقصد کو آگے بڑھانے میں تعمیری طور پر مصروف عمل رہے ہیں، میں اس پرتپاک اقدام کا خیر مقدم کرتا ہوں اور دونوں ممالک کی قیادت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور تمام تنازعات کے تصفیہ اور ایک حتمی معاہدے کیلئے مزید بات چیت کیلئے جمعہ 10 اپریل 2026ء کو فریقین کے وفود کو اسلام آباد میں مدعو کرتا ہوں، ہمیں پوری امید ہے اسلام آباد مذاکرات پائیدار امن کے حصول میں کامیاب ہوں گے، مزید اچھی چیزیں بانٹنا چاہتے ہیں۔یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بطور ثالث پاکستان کی جانب سے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے درخواست کی تھی کہ سفارت کاری کو موقع دینے کیلئے ایران پر حملوں کی ڈیڈ لائن میں 2 ہفتوں کی توسیع کردی جائے، شہباز شریف نے اس سلسلے میں ایران سے بھی آبنائے ہرمز کو 2 ہفتوں کیلئے کھولنے کی درخواست کی تھی، جس پر فریقین کی جانب سے رضا مندی ظاہر کی گئی اور جنگ بندی ہوگئی۔



تبصرہ کریں