سندھ کے کئی اضلاع میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچا دی، متعدد گرڈ اسٹیشن بند، 5 افراد زخمی

سندھ کے کئی اضلاع میں مٹی کے طوفان نے تباہی مچا دی، متعدد گرڈ اسٹیشن بند، 5 افراد زخمی
کئی علاقوں میں شہری خوف و ہراس کا شکار رہے، کراچی بھی متاثر

سکھر:
سندھ کے مختلف اضلاع میں کراچی سمیت منگل کی شب آنے والی شدید آندھی، مٹی کے طوفان اور موسلا دھار بارش نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔

کئی شہروں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا جبکہ درخت گرنے، سولر پلیٹیں اڑنے اور بجلی کی تاریں ٹوٹنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔

کراچی کے بھی مختلف علاقے مٹی کے طوفان سے متاثر ہوئے جن میں اسکیم 33 شادمان ٹاؤن ملیر اورنگی ٹاؤن بلدیہ گلشن معمار گلشن اقبال شاہ فیصل کالونی بحریہ ٹاؤن بفر زون ناظم اباد اور فیڈرل بی ایریا شامل ہیں لیکن طوفان کی شدت میں کمی کی وجہ سے نقصانات نہ ہونے کے برابر تھے۔

نوابشاہ، شاہ پور چاکر اور گرد و نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ مٹی کا طوفان اور بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور کئی روز سے جاری شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

شہریوں نے بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کا خیرمقدم کیا تاہم بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔

حیدرآباد اور اس کے اطراف میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ آندھی نے شہریوں کو خوفزدہ کر دیا۔ آندھی کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی تاہم بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔

بیشتر علاقوں میں رات 11 بجے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ ہیرآباد میں پونے 9 بجے سے بجلی بند ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات سے دوچار رہے۔

دادو اور اس کے نواحی علاقوں میں مٹی کے شدید طوفان کے بعد ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم تیز ہواؤں کے باعث بجلی کا نظام متاثر ہوا اور کئی علاقوں میں سپلائی معطل ہوگئی۔

ادھر مورو میں طوفانی ہواؤں نے سب سے زیادہ نقصان پہنچایا۔ مختلف مقامات پر گھروں، دکانوں، ہوٹلوں اور سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں کی چھتوں پر نصب سولر پلیٹیں اور سائن بورڈ ہوا میں اڑ گئے۔

متعدد مقامات پر درخت جڑوں سمیت اکھڑ گئے جبکہ بجلی کی تاریں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے۔ مختلف حادثات میں پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

 

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top