وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا ‘ نوٹیفکیشن جاری
عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 26، 27 اور 28 مئی تک ہوں گی‘جمعہ کے روزکی چھٹی کی لاکھوں درخواستیں عملی طور پر چھٹیاں یکم جون کو ختم ہونگی.رپورٹ
اسلام آباد(وائس آف ایشیا) پاکستان کی وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 26، 27 اور 28 مئی تک ہوں گی. وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے یاد رہے کہ عیدالضحیٰ کا تہوار پاکستان میں بدھ 27 مئی کو منایا جائے گا جبکہ 26 کو حج کی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے ممکنہ طور پر سرکاری ملازمین اور کاروباری حضرات اس میں جمعہ کی چھٹی کو شامل کرکے پیریکم جون تک 6روزکی چھٹیوں تک لے جائیں گے.
اس موقع پر ملک کے سیاحتی مقامات پر شہریوں کی آمد وفت بڑھنے کے امکانات ہیں اور مری‘گلیات‘سوات ‘کالام‘بالاکوٹ سمیت دیگر سیاحتی مقامات کی سیر کے لیے بڑے پیمانے پر سیاحوں کی آمد کی توقع کی جارہی ہے ‘مری کے ہوٹل مالکان کی تنظیم کے عہدیدار قدیم عباسی کا کہنا ہے کہ مری ہمیشہ پورے ملک کے لوگوں کے لیے آسان اور پرکشش منزل رہا ہے اور توقع ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران لاکھوں افراد مری کا رخ کریں گے.
انہوں نے کہا کہ آسان رسائی ‘تمام سہولیات کی فراہمی کی وجہ سے مری اندرون ملک سیاحت کرنے والے خاندانوں کی ترجیح بنتا ہے‘ان کے مطابق گلیات میں بلاشبہ بہت سارے پرکشش مقامات موجود ہیں تاہم گلیات میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہونے کی وجہ سے صرف مخصوص تعداد میں سیاح وہاں کا رخ کرتے ہیں ‘انہوں نے کہا کہ آج کل سیاحت کے لیے آنے والے شہری کیش نہیں رکھتے مری میں ڈیبٹ کارڈ اور کریڈٹ کارڈ کے استعمال کی سہولیات موجود ہیں تاہم گلیات کے علاقوں میں اے ٹی ایم جیسی عام سہولت دستیاب نہیں اسی طرح گلیات میں بجلی کا نظا م انتہائی ناقص ہے اور بعض اوقات خرابی آنے کی صورت میں کئی دنوں تک بجلی بند رہتی ہے‘اسی طرح موبائل فون سرو س بھی گلیات کے کئی علاقوں میں دستیاب نہیں ان عوامل کی وجہ سے سیاح گلیات صرف ایک آدھ دن کے لیے جاتے ہیں اور گھوم پھر کر واپس مری آجاتے ہیں.
