پولرائزیشن پاکستان کی ترقی وخوشحالی میں بڑی رکاوٹ ہے:مدثر اقبال بٹ

سوشل میڈیاکے غلط استعمال سے سیاسی عدم برداشت کا کلچر تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے
باہمی احترا م، رواداری کو پروان چڑھانے کی اشد ضرورت ہے:چیئرمین سماجی شعور آرگنائزیشن انٹر نیشنل
لاہور( نمائندہ خصوصی)سماجی شعور آرگنائزیشن انٹر نیشنل کے چیئرمین مدثر اقبال بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان میں پولرائزیشن اور عدم برداشت ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے، فیس بک، ٹویٹر،واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے غلط استعمال سے سیاسی عدم برداشت، مذہبی انتہا پسندی ،نفرت پر مبنی سیاست، تشدداوربدتمیزی کا کلچر تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے جو جمہوریت، معاشی خودمختاری اورآزادی اظہار کیلئے نقصان دہ ہے جبکہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی راہ میں بھی بڑی رکاوٹ ہے۔ان خیالات کا اظہار انگلینڈ کے شہر مانچسٹرکے نواحی علاقے بلیک برن میں مقیم سماجی شعور آرگنائزیشن انٹر نیشنل کے چیئرمین اور محب وطن اوورسیز پاکستانی بزنس مین مدثر اقبال بٹ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سماجی شعور آرگنائزیشن انٹر نیشنل کے چیئرمین مدثر اقبال بٹ نے پاکستان کے تعلیمی نظام میں اصلاحات کو انتہائی ضروری قرار دیتے ہو ئے کہا کہ ایسی تعلیم کو فروغ دیا جائے جو قومی اتحاد، اقلیتوں کے احترام اور جمہوری اقدار پر زور دے، تعلیمی نصاب میں رواداری، اخوت، برداشت ،ہم آہنگی اور اختلاف رائے کی اہمیت پر مبنی اسباق کو شامل کیا جائے تاکہ نوجوان نسل کو مثبت اورتعمیری سوچ کی تربیت دی جا سکے تاکہ مختلف مذاہب سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے پیروکاروں میں باہمی احترام اور برداشت پروان چڑھ سکے۔محب وطن اوورسیز پاکستانی بزنس مین مدثر اقبال بٹ نے کہا کہ خوشحال اور پُرسکون معاشرے کی بنیاد جن ستونوں پر ہوتی ہے ان میں اخلاقیات، برداشت، رواداری اور محبت شامل ہیں اور جب یہی خصوصیات رفتہ رفتہ معاشرے سے نا پید ہوجائیں تو پھر اس سماج میں منفی رجحانات بڑھنے شروع ہو جاتے ہیں،معاشرے میں عدم برداشت کی بنیادی وجوہات میں عدل و انصاف کی کمی، تعلیم و شعور کا فقدان، اخلاقیات کا زوال، معاشی ناانصافی اور اختلاف رائے کا احترام نہ کرنا شامل ہیں،یہ عوامل مل کر معاشرے میں غصہ، شدت پسندی اور لاقانونیت کو فروغ دیتے ہیں لہٰذا معاشرے سے انتہا پسندی کے خاتمے ،محبت اور برداشت کی ترویج اور مذہبی وسیاسی رواداری کو پروان چڑھانے کیلئے مکالمے کی اشد ضرورت ہے ۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top