بنوں میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، خود کش بمبار سمیت 2 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی (وائس آف ایشیا) صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقہ بنوں میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق بنوں میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا، اس کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے، مارے جانے والے دہشتگردوں کا تعلق فتنہ الخوارج سے تھا، جن میں رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مختیار بھی شامل ہے، اس آپریشن میں ایک خودکش بمبار بھی مارا گیا۔
فوج کے ترجمان ادارے نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، ہلاک دہشتگرد وحید اللہ سکیورٹی فورسز اور شہریوں پر حملوں میں مطلوب ترین تھا، مذکورہ دہشتگرد 21 فروری 2026ء کے حملے کا مرکزی سہولت کار بھی تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے، تاہم اس بار سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے ایک بڑے سانحے کو ناکام بنا دیا گیا، علاقے میں کلیئرنس (سینیٹائزیشن) آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کا عزم برقرار ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے خاتمے پر بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں، قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں پر فخر ہے اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top