مدینہ سیداں میں انسانیت تڑپ اٹھی: شاپر میں بند دو معصوم نومولود لاوارث پھینک دیے گئے، پولیس نے ماں کو ٹریس کر لیا
گجرات: تھانہ صدر کے علاقے مدینہ سیداں میں انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم شخص یا خاتون دو نومولود بچوں کو شاپر میں ڈال کر لاوارث حالت میں پھینک گیا۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں بچوں کو اپنی تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق دونوں نومولود صحت مند ہیں، جن میں ایک لڑکا اور ایک لڑکی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے دوران نومولود بچوں کو پھینکنے والی ماں کو ٹریس کر لیا گیا ہے۔ ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ وہ اس وقت ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ معاشرے کے لیے ایک لمحۂ فکریہ ہے، جہاں معصوم جانیں بے رحمی سے لاوارث چھوڑ دی گئیں، تاہم بروقت امدادی کارروائی نے دونوں بچوں کی جان بچا لی۔
