امام حسین ؓ کی قربانی حق و صداقت کی ابدی فتح اور باطل کی دائمی شکست ہے ،  چوہدری نثار احمد خان

امام حسین ؓ کی قربانی حق و صداقت کی ابدی فتح اور باطل کی دائمی شکست ہے ،  چوہدری نثار احمد خان
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وائس آف ایشیا نیوز کے چیئرمین چوہدری نثار احمد خان  نے کہا ہے کہ واقعۂ کربلا حق و باطل کے درمیان ایک ایسا تاریخی معرکہ ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کو ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور حق و سچ کا علم بلند رکھنے کا درس دیتا رہے گا، حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیاں اسلامی تاریخ کا روشن باب ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ ایک شخصیت ہی نہیں بلکہ حق، صداقت، حریت اور استقامت کا ایک عظیم فلسفہ ہیں، مدینہ منورہ سے میدانِ کربلا تک پیش آنے والے واقعات اسلام کی سربلندی، دین کی بقا اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی لازوال داستان ہیں، امام حسینؑ نے اپنے اہلِ خانہ اور رفقاء کی بے مثال قربانیاں پیش کیں، لیکن باطل قوتوں کے سامنے سر جھکانے کے بجائے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔چوہدری نثار احمد خان نے کہا کہ ظالم حکمران کے سامنے کلمۂ حق بلند کرنا ہی حسینیت کا اصل پیغام ہے۔ واقعۂ کربلا ہمیں سکھاتا ہے کہ جب بھی بولیں حق اور سچ بولیں، اور ہر حال میں انصاف، دیانت اور اصولوں کا ساتھ دیں۔ محرم الحرام ایثار، قربانی، اتحاد، رواداری، امن اور بقائے باہمی کا درس دیتا ہے، جس پر عمل کرکے ایک پرامن اور مثالی معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دینِ اسلام محبت، اخوت، برداشت اور ملی یکجہتی کا دین ہے۔ آج کے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم امام حسینؑ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور ظلم، ناانصافی اور باطل قوتوں کے خلاف حق کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کا نام قیامت تک زندہ و تابندہ رہے گا، جبکہ ظلم، جبر اور باطل ہمیشہ ذلت و رسوائی کی علامت بنے رہیں گے۔

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top