پاکستانی اور زمبابوین ویمن کپتان سیریز جیتنے کیلئے پرعزم
پاکستان اور زمبابوے کی ویمن ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز (آج) سے شروع ہوگی
ہوم سیریز میں نئی کھلاڑیوں کو موقع دیں گے،فاطمہ ثنائ… اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے،کپتان زمبابوے
کراچی (وائس آف ایشیا) پاکستان اور زمبابوے کی ویمن ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز (آج)پیر سے شروع ہوگی ،سیریز کے تمام میچز کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جہاں پہلا مقابلہ 4 مئی کو دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا، جبکہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 6 اور 9 مئی کو اسی وقت شیڈول ہیں۔ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ دوسری جانب پاکستان اور زمبابوے کی ویمن ٹیموں کی کپتانوں نے سیریز میں اچھی پرفارمنس دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء نے کہا کہ زمبابوے ویمن ٹئم کے خلاف سیریز اچھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہوم سیریز میں نئی کھلاڑیوں کو موقع دیں گے،موسم اتنا اثرانداز نہیں ہوگا، پریکٹس اسی موسم میں کر رہے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔فاطمہ ثناء نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں سینئرز اور جونیئرز کو ساتھ لے کر چلیں گے، ڈاٹ بال کی خامی کو کافی حد تک کم کیا ہے، پاور ہیٹنگ پر بھی بہت کام کیاہے۔انہوں نے کہا کہ بڑی خواہش ہے کہ پاکستان میں ویمن لیگ ہو۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زمباوے ویمن ٹیم کی کپتان میری اینی موسونڈا نے کہاکہ پاکستان آ کر اچھا لگا۔انہوں نے کہا کہ یہاں گرمی ہے تاہم ہماری ون ڈے سیریز کی پریکٹس اچھی ہو رہی ہے۔زمبابوین ٹیم کی کپتان نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، سیریز میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
