فیلڈ مارشل کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات
تہران(وائس آف ایشیا) فیلڈ مارشل کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات، تہران میں ہونے والی ملاقات کے دوران دیگر اعلٰی شخصیات بھی موجود تھیں۔ تفصیلات کے مطابق فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی تہران میں اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کی شب کو ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور دوطرفہ تعاون کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس سے قبل فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے جمعرات کوتہران میں ایرانی فوج کے خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا استقبال کیا۔
اس سے قبل فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے ملاقات کی جس میں اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر گزشتہ روز ایران کے دارالحکومت تہران پہنچے تھے، ان کا دورہ ایران امریکا مذاکرات اور مستقل جنگ بندی کی کوششوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کی، ملاقات میں عباس عراقچی نے مذاکرات کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ عباس عراقچی نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے سے متعلق ایران اور پاکستان کا عزم مضبوط اور مشترک ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایران میں خیر مقدم کرکے خوشی ہوئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کا دورہ تہران امریکا اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کی کوششوں کا حصہ ہے۔



تبصرہ کریں