قومی اور صوبائی بجٹ میں وسیب کو اس کی آبادی کے مطابق حق دینا ہو گا۔ این ایف سی ایوارڈ ڈسٹرکٹ سطح پر تقسیم ہونا چاہئے۔ وسیب سے دوسرے درجے کا امتیازی سلوک بند کرنا ہو گا اور پاکستان کیلئے ریاست بہاولپور اور نواب آف بہاولپور کی قربانیوں کو یاد کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان وطن پارٹی کے چیئرمین ظہور دھریجہ نے سرائیکی رہنما انور مغل، میاں مقبول جوئیہ اور خالد خان عباسی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر دیگر عمائدین بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواب صادق محمد خان عباسی ایک شخص نہیں ایک عہد کا نام ہے۔ قائد اعظم نے اُن کو محسن پاکستان کا لقب دیا۔ بہاولپور میں نواب صاحب کے یوم وفات پر منعقد ہونے والی تقریب میں بھرپور شرکت پر اہل بہاولپور کا شکر گزار ہوں۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ نواب آف بہاولپور سرائیکی وطن وسیب کے ساتھ ساتھ اہل پاکستان اور مسلم امہ کے بھی ہیرو تھے۔ انہوں نے بہاولپور کو فلاحی ریاست بنا کر دنیا میں نئی مثال قائم کی مگر افسوس کہ نواب صاحب کے شروع کئے گئے فلاحی منصوبوں کو برقرار نہ رکھا گیا جس کے باعث دنیا کی خوشحال ترین ریاست آج پسماندہ ڈویژن کی حیثیت اختیار کر چکی ہے اور اس خطے کے لوگ غربت اور بیروزگاری کے باعث نقل مکانی پر مجبور ہوئے اور خوشحال ترین خطے کے مرد کراچی میں مزدوریاںکرنے اور خواتین گھروں میں برتن مانجنے پر مجبور ہو چکی ہیں۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ ریاست کے لوگوں کو احسان کا بدلہ احسان کی صورت میں ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سرائیکستان کے قیام اور وسیب کو حقوق ملنے تک خاموش نہیں رہیں گے۔ دو جون کو سقوط ملتان منائیں گے اور 14 جون کو آل پارٹیز صوبہ سرائیکستان کانفرنس ملتان میں منعقد ہو گی۔ انور مغل نے کہا کہ سابق ریاست بہاولپور سرائیکی وطن وسیب کی وحدت کا لازوال حصہ ہے اور سرائیکی شناخت اور سرائیکی صوبے کے حوالے سے اہل بہاولپور کی خدمات کو تسلیم کرنے پر ہم اپنی جماعت کے چیئرمین ظہور دھریجہ کا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہے۔ میاں مقبول جوئیہ نے کہا کہ نواب صادق محمد کے نام سے بہاولپور میں نئی یونیورسٹی قائم کی جائے۔ امروکہ بٹھنڈہ ریلوے لائن بحال کرکے صادق ایکسپریس چلائی جائے۔ بہاولپور کے فرید گیٹ کو اُس کے نام اور وسیب کی شناخت پر بحال کیا جائے۔ بہاولپور کو سی پیک سے لنک دیا جائے اور بہاولپور میں ٹیکس فری انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایا جائے۔ سول سیکرٹریٹ کو فنکشنل کیا جائے ، فنڈز اور اختیارات دیئے جائیں۔ خالد عباسی نے کہا کہ نواب صادق خان کی برسی کے موقع پر بابائے سرائیکی خادم حسین مخفی نے دھریجہ صاحب کے ساتھ مل کر دن رات محنت کی جس کے باعث سب سے بڑی تقریب انعقاد پذیر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے محسنوں کا جتنا شکریہ ادا کریں کم ہے۔ بہاولپور آرٹس کونسل کا اشتراک بہت اعلیٰ اور سود مند ثابت ہوا۔ موجودہ ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر حمید بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔ ہم ان کو اور سٹاف کے تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انشاء اللہ آئندہ سال اس سے بھی بڑی تقریب منعقد کریں گے۔
