ملتان(نمائندہ خصوصی ) سابق حاکم ملتان نواب مظفر خان سدوزئی فاﺅنڈیشن کے چیئرمین خانزادہ محمد احسان خان سدوزئی ، سرائیکستان وطن پارٹی کے چئیرمین ظہوردھریجہ ، پاکستان سرائیکی پارٹی کے جنرل سیکرٹری ملک جاوید چنڑ،سرائیکستان وطن پارٹی لودھراں کے رہنما عاشق فرید،سرائیکستان قومی اتحاد کے مرکزی رہنما شریف خان لاشاری نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ2 جون پیر صبح 9 بجےانسپریٹو سکول سسٹم، پیر خورشید کالونی، نواب روڈ ملتان میں”نواب مظفر خان سدوزئی شہید کانفرنس” منعقد ہوگی،جس میںسیاسی و سماجی ،سرائیکی رہنما خطاب کریں گے ،رہنماﺅں نے کہا کہ نواب مظفر خان سدوزئی ملتان کی تاریخ کے عظیم محافظ، بہادر سپہ سالار اور شہیدِ ملت تھے، جنہوں نے 2 جون 1818ءکو سکھ افواج کے خلاف قلعہ ملتان میں اپنے سات بیٹوں اور اہلِ خانہ سمیت جامِ شہادت نوش کیا، مگر غلامی قبول نہ کی۔انہوں نے کہا کہ نواب مظفر خان سدوزئی کے والد نواب شجاع خان سدوزئی نے شجاع ا?باد شہر کی بنیاد رکھی اور ملتان میں امن، ترقی، زراعت اور فلاحی نظام کو فروغ دیا۔ جبکہ نواب مظفر خان نے مظفرگڑھ کی بنیاد رکھ کر نہری نظام، عوامی سہولیات اور دفاعی استحکام کے لیے تاریخی خدمات انجام دیں۔رہنماﺅں نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج شجاع آباد کی تاریخی فصیل، نواب شجاع خان کا مقبرہ اور دیگر تاریخی آثار حکومتی توجہ سے محروم ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملتان اور سرائیکی وسیب کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس کسی مذہبی یا مسلکی نظریے کے فروغ کے لیے نہیں بلکہ سرائیکی وسیب کی تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے تاکہ نئی نسل کو اپنے عظیم ماضی سے آگاہ کیا جا سکے۔رہنماﺅں نے عوام، دانشوروں، طلبہ، سیاسی و سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان سے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔
