یوم عرفہ پر حجاج کرام امت مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے خصوصی دعا کریں،شجاع الدین شیخ
ملتان( )یوم عرفہ پر حجاج کرام امت مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے خصوصی دعا کریں یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ یوم عرفہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے انتہائی بابرکت دن ہے عازمین حج یوم عرفہ کی بابرکت ساعتوں میں اللہ تعالیٰ کی کبریائی بیان کرتے ہیں اور اپنے گناہوں کی معافی کے طالب ہوتے ہیں انہوں نے دعا کی کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ تمام عازمین حج کی حاضری کو قبول فرمائے ، انہیں یوم عرفہ کی بیش بہا برکات سے نوازے اور انہیں دنیا و آخرت کی تمام بھلائیاں عطا فرمائے امیر تنظیم شجاع الدین شیخ نے کہا کہ دنیا بھر سے مسلمان بلاتفریق رنگ و نسل اور زبان و قومیت شہر مکہ میں جمع ہوتے ہیں تاکہ مناسک حج ادا کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کر سکیں انہوں نے کہا کہ آج امت مسلمہ کو دعا کے ساتھ دوا کی بھی اشد ضرورت ہے غزہ ، مغربی کنارہ، لبنان، مقبوضہ کشمیر اور میانمار کے مسلمانوں کے خلاف طاغوتی قوتوں کے حملے مسلسل جاری ہیںاور ایران مسلسل امریکہ دھمکیوں کی زد میں ہے لیکن صد افسوس کہ بیشتر مسلمان ممالک اسرائیل، امریکہ اور بھارت پر مشتمل ابلیسی اتحاد ثلاثہ کے خلاف اوردنیا بھر میں مظلوم مسلمانوں کی حمایت میں آواز بلند کرنے سے بھی خوف زدہ ہیں چہ جائیکہ اس حوالے سے کوئی عملی قدم اٹھایا جائے لہٰذا اللہ تعالیٰ کی تکبیر کو عملی طور پر بلند کرنے کی بھی ضرورت ہے حقیقت یہ ہے کہ آج مسلمانوں کی ذلت و رسوائی کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے احکامات کو پس پشت ڈال دیا ہے اور دنیا میں اسلام کا نظام عدل اجتماعی کہیں بھی نافذ نہیں یوم عرفہ کا اصل پیغام یہی ہے کہ عالم اسلام آپش کی رنجشوں کو ختم کر کے صحیح معنوں میں امت واحدہ کی صورت اختیار کرے اور رب کی دھرتی پر رب کا نظام نافذ ہو تاکہ ہمیں اللہ کی رضا اور نصرت بھی حاصل ہو سکے، دشمنان اسلام کو بھی دندان شکن جواب دیا جائے اور ہماری دنیا اور آخرت دونوں سنور جائیں۔
